Sunday 5 June 2011

تین گاڑیاں تباہ ،فورسز نے علاقے کا گھیراؤ کرلیا،دھماکے میں پانچ کلو گرام وزنی دھماکہ خیز مواد استعمال کیا گیا،بم ڈسپوزل سکواڈ،حکومت دہشت گردی کے خاتمے تک جنگ جاری رکھے گی ،صدر / وزیر اعظم اتوار 05 جون 2011

پشاور۔پشاور کے نواحی علاقے متنی میں ایک مسافر وین میں بارودی مواد پھٹنے سے دوبچوں سمیت کم از کم سات افراد جاں بحق اوردس زخمی ہوگئے، میڈیا رپورٹس کے مطابق دھماکہ کالا خیل جانے والی وین میں نصب بارودی مواد پھٹنے سے ہوا جس کے نتیجے میں ایک بچہ ،ایک بچی اور ایک خاتون سمیت سات افراد جاں بحق ہوگئے جبکہ تین بچوں سمیت دس افراد زخمی ہوگئے ہیں،زخمیوں میں دو کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے۔
ذرائع کے مطابق گاڑی کے ڈرائیور کو حراست میں لے لیا گیا ہے ،دوسری جانب لیڈی ریڈنگ ہسپتال کے ذرائع کا کہنا ہے کہ ہسپتال میں چار لاشیں لائی گئیں ہیں ،دھماکے کے بعد سکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لیکر دھماکے کی تحقیقات شروع کر دیں اور ہسپتالوں میں ایمر جنسی نافذ کر دی گئی ہے اور امدادی ٹیمیں جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں اور امدادی کارروائیاں شروع کردیں ،دھماکے میں دو سے پانچ گاڑیاں بھی تباہ ہوئیں۔
مقامی پولیس آفیسر عبدالغفار نے بی بی سی کو بتایا کہ یہ دھماکہ پشاور شہر سے بیس کلومیٹر دور جنوب کی جانب تھانے متنی کے حدود میں واقع بازار میں قائم ویگن اڈے میں ہوا ہے۔ان کے مطابق دھماکے کا نشانہ ایک مسافر گاڑی تھی جو متنی سے کالا خیل جانے کے لیے تیار کھڑی تھی۔انہوں نے بتایا کہ دھماکے میں چھ افراد ہلاک جبکہ دس زخمی ہوئے ہیں۔ اہلکار کے مطابق ہلاک ہونے والوں میں ایک خاتون اور ایک بچی بھی شامل ہیں۔انہوں نے بتایا کہ لاشوں اور زخمیوں کو فوری طور پر متنی سول ہسپتال اور پشاور لیڈی ریڈنگ ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے جہاں بعض زخمیوں کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے۔
پولیس افسر نے کہا کہ دھماکہ گاڑی میں نصب بم سے ہوا ہے اور ایسا معلوم ہوتا ہے کہ بم گاڑی میں پہلے سے نصب کیاگیا تھا۔ انہوں نے بتایا کہ دھماکے سے قریب کھڑی گاڑیوں کو نقصان پہنچا ہے۔ادھر ڈسپوزل سکواڈ کا کہنا ہے کہ اس دھماکے میں پانچ کلو گرام وزنی دھماکہ خیز مواد استعمال کیا گیا تھا ،تاحال اس واقعہ کی کسی گروپ نے ذمہ داری قبول نہیں کی ہے۔
علاوہ ازیں صدر زرداری ،وزیر اعظم گیلانی ،سیاسی قائدین اور وزیر داخلہ رحمان ملک نے واقعہ کی شدید مذمت کی ہے۔صدر اور وزیر اعظم نے اپنے الگ الگ مذمتی بیانات میں کہا ہے کہ دہشت گرد انسانیت کے دشمن ہیں اور دہشت گرد ایسی کارروائیوں سے حکومتی عزم کو متزلزل نہیں کر سکتے ،حکومت دہشت گردی کے خاتمے تک جنگ جاری رکھے گی ،وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی نے دھماکے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گرد عناصر کو انسانی جانوں کا کوئی احترام نہیں یہ انسانیت کے دشمن ہیں ،وزیر اعظم نے زخمیوں کو بہتر طبی سہولیات کی فراہمی کی ہدایت کی جبکہ وزیر داخلہ رحمان ملک نے دھماکے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گرد اسلام اور انسانیت کے دشمن ہیں جو اپنے آقاؤں کے اشاروں پر انسانیت کے خلاف گھناؤنے جرائم کرتے ہیں ،وزیر داخلہ نے واقعہ کی رپورٹ بھی طلب کرلی ۔

No comments:

Post a Comment

Bivertiser